Friday, May 17, 2024

آشیانہ ہاؤسنگ کیس ، شہبازشریف، حمزہ شہباز اور دیگر ملزموں کی حاضریاں

آشیانہ ہاؤسنگ کیس ، شہبازشریف، حمزہ شہباز  اور دیگر ملزموں کی حاضریاں
April 1, 2021

لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں شہبازشریف، احد چیمہ اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ اور آشیانہ ہاوسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت نصرت شہباز کے وکیل نے بتایا کہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا جس کیخلاف ہائی کورٹ کا فیصلہ آ گیا ہے جس پر عدالت کا کہنا تھا ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے پر اس معاملے کو دیکھیں گے۔

آشیانہ ہاوسنگ اسیکنڈل کیس میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان نے حاضری مکمل کروائی۔ دوران سماعت عدالت نے گواہ سے استفسار کیا کہ آپ گزشتہ سماعت پر کیوں نہیں آئے؟؟؟؟ جس پر گواہ کا کہنا تھا کہ کراچی سے آنا تھا اس لیے تاخیر ہوئی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ ایسی شکایت نہ ہو۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  لیگی رہنما احسن اقبال ایک بار پھر حکومت پر برسے پڑے۔ انہوں نے کہا حکومت ن لیگ کیخلاف انتقامی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انکے پاس معاشی ٹیم ہے نہ ہی تجربہ۔

عدالت پیشی کے موقع پر شہباز شریف سے حمزہ شہباز، اعظم نذیر تارڑ اور عطا تارڑ نے ملاقات کی ۔ حمزہ شہباز نے والد کی خیریت دریافت کی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اعظم نذیر تارڑ نے ہائیکورٹ میں ضمانت کے معاملے پر شہباز شریف کو بریفننگ دی اور نصرت شہباز کیس کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے عطاء تارڑ کو مختلف امور پر ہدایات بھی جاری کیں۔ سماعت اکیس اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔