Friday, April 19, 2024

آشیانہ ہاؤسنگ و رمضان شوگر ملز کیس میں حاضری سے استثنیٰ پر شہباز شریف سے جواب طلب

آشیانہ ہاؤسنگ و رمضان شوگر ملز کیس میں حاضری سے استثنیٰ پر شہباز شریف سے جواب طلب
March 3, 2020
لاہور ( 92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے آشیانہ ہاؤسنگ  اور رمضان  شوگر ملز کیس میں حاضری سے استثنیٰ کے خلاف حکومتی اپیل پر شہباز شریف سے جواب طلب کر لیا۔ شہبازشریف کے آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان  شوگر ملز کیس میں حاضری سے استثنیٰ کامعاملہ ، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حکومتی اپیل کی سماعت کی۔ نیب وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے دونوں ریفرنسز میں حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کی ہے، وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے مگر ان کی درخواست پر استثنیٰ دیا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف کی عدم پیشی سے عدالت کی کارروائی متاثر ہوئی ہے یا نہیں؟،  احتساب عدالت نے تو تاحکم ثانی حاضری سے استثنیٰ دیا ہے۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ قانون کے مطابق استثنیٰ کے لیے ملزم کا پیش ہونا ضروری ہے، حاضری سے استثنیٰ ناگزیر وجوہات کی بنا پر ہی دیا جا سکتا ہے،شہباز شریف پر ایسی وجوہات کا اطلاق نہیں ہوتا کہ استثنیٰ دیا جاتا۔ دلائل  کے بعد عدالت نے شہباز شریف سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت چوبیس مارچ تک ملتوی کر دی۔