Friday, March 29, 2024

آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں اربوں کی مبینہ کرپشن منظر عام پر آگئی

آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں اربوں کی مبینہ کرپشن منظر عام پر آگئی
October 5, 2018
لاہور (92 نیوز) غریبوں کے لیے اعلان کی جانے والی آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں اربوں کی مبینہ کرپشن منظر عام پر آگئی۔ خادم اعلیٰ ہونے کا دعویٰ کرنے والے پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کم آمدنی والوں کے لیے اپنی چھت اپنی زمین کے حوالے سے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم کے اعلان سے عام آٓدمی کی آنکھوں میں اپنے گھر کے کئی خواب سجائے لیکن 61 ہزار لوگوں سے سکیم کے لیے درخواستیں اور پراسیسنگ فیس کے نام پر 60 ملین روپے جمع کر کے صرف انتظار دیا گیا ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑے کروفر سے بیدیاں روڈ کے پاس اسکیم کا افتتاح بھی کر دیا لیکن بات افتتاح سے آگے نہ بڑھی۔ متعلقہ سکیم  میں کرپشن کی بازگشت سنائی دی تو نیب کی تحقیقات نے سارا کچا چھٹا کھول کر رکھ دیا۔ تحقیقات کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے اس کا ٹھیکہ مبینہ کرپشن کر کے منظور نظر سی فور کیٹیگری کی بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کو ایوارڈ کر دیا۔ جوں جوں تحقیقات منطقی انجام کو پہنچ رہی ہیں  توں توں خادم اعلیٰ کے کار خاص احد چیمہ کی مبینہ کرپشن کا پنڈورا باکس بھی کھلتا جارہا ہے۔ موصوف کے 32 کینال اراضی پیراگون کمپنی سے لینے کے شواہد بھی سامنے آئے جس کی 30.9 ملین روپے کی ادائیگی پیراگون کمپنی کے سی ای او ندیم ضیاء نے اپنے اکاؤنٹ سے کی تھی۔ نیب تحقیقات کے مطابق اس ایک ٹھیکے سے قومی خزانے کو 455 ملین روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔ نیب کی جانب سے  سابق ڈی جی ایل ڈی اے کو متعدد سمن ارسال کیے گئے لیکن پیش نہ ہونے پر اسے فروری میں پاور کمپنی کے دفتر سے گرفتار کر لیا جو اب جسمانی ریمانڈ پر نیب کے پاس ہیں۔ احد چیمہ کے خلاف خوفناک انکشاف کرنے والے ایل ڈی اے کے چیف انجیئنر اسرار سعید اور بلال بھی  نیب کی حراست میں ہیں۔ احد چیمہ کی جانب سے لاہور کنٹونمنٹ میں بیگم اور سالی کے نام زمین رجسٹرڈ کروانے پر نیب نے دونوں کو شامل تفتیش کیا۔ نیب کی جانب سے  جعلی دستاویزات پر ٹھیکہ حاصل کرنے والے  بسم اللہ انجینئرنگ کے شاہد شفیق بھی پابند سلاسل ہیں۔ بات  یہاں تک ختم نہیں ہوتی اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور سابق  وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی  اس کیس میں زیرتفتیش ہیں ۔ اب شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد نیب کی تحقیقات جاری ہیں جس میں انکشافات متوقع ہیں جبکہ اس کیس کے مرکزی کردار سی ای او پیراگون ندیم ضیا ہیں ۔ سوال تو یہ بھی ہے کہ آخر موجودہ حکومت اپنے 5 سالہ دورِ اقتدار میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیوں مکمل نہیں کر سکی؟۔ ابھی تو نیب کی تحقیقات کے بعد ان جیسے کیئی اور سوالوں کے جواب بھی متوقع ہیں۔