Friday, April 26, 2024

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ، شہباز شریف نے سارا ملبہ بیورو کریسی پر ڈال دیا

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ، شہباز شریف نے سارا ملبہ بیورو کریسی پر ڈال دیا
August 21, 2018
لاہور (92 نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور صاف پانی کمپنی کیس میں نیب پیشی پر سارا ملبہ بیورو کریسی پر ڈال دیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نیب پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ شہباز شریف کو نیب لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور صاف پانی کمپنی کیس میں طلب کیا تھا۔ نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے شہباز شریف نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نےاربوں روپے بچائے ،کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، انہوں نے کہا سب سے پہلےکمپنیوں کے آڈٹ کا حکم بھی دیا تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کی سمری چیف سیکرٹری نے بھجوائی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم نے شہباز شریف سے سوال پوچھا جب سمری آپ کے پاس آئی تو کیا آپ نے چیف سیکرٹری سے پوچھا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نیب کی تحقیقاتی ٹیم کےسوال پر آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے شہباز شریف سے انیس سوالات کئے۔