Wednesday, May 8, 2024

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ،ریکارڈ نہ پیش کرنے پر گواہوں اور نجی بینک کے ملازمین کو شوکاز نوٹس

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ،ریکارڈ نہ پیش کرنے پر گواہوں اور نجی بینک کے ملازمین کو شوکاز نوٹس
March 30, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں ریکارڈ نہ پیش کرنے پر گواہوں اور نجی بینک ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ۔

لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ، جیل حکام نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا، عدالت نے ریکارڈ بارے استفسار کیا تو گواہ محمد سلیم نے مؤقف اختیار کیا کہ ریکارڈ آج آ جائے گا،جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے آپ عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں، یہ برداشت نہیں کیا جائے گا ایک روز قبل گواہ کو طلب کریں اور تمام ریکارڈ آنے پر اسے پیش کیا جائے۔

غیر رسمی گفتگو میں شہباز شریف نے کہا جن سے بی آر ٹی نہیں چل رہی وہ اورنج لائن کو سفید ہاتھی کہہ رہے ہیں، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے سوال پر شہبازشریف نے کہا وہ جیل میں ہیں ان معاملات کا علم نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو میں عطا اللہ تارڑ نے کہا جن کا کہا جاتا تھا یہ کہیں نہیں جائیں گے انہیں مہنگائی پر فارغ کر دیا گیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت یکم اپریل تک ملتوی کی تو شہباز شریف نے استدعا کی کورونا کی لہر ہے تاریخ تھوڑی لمبی دیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے آئندہ تاریخ پر اس کا فیصلہ کریں گے۔