Thursday, April 18, 2024

آشیانہ اقبال سکینڈل ، ملزم فواد حسن فواد دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

آشیانہ اقبال سکینڈل ، ملزم فواد حسن فواد دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
September 1, 2018
لاہور (92 نیوز) آشیانہ اقبال سکینڈل میں ملزم فواد حسن فواد کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔ احتساب عدالت نے گیارہ ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ آشیانہ اقبال سکینڈل کے ملزم فواد حسن فواد کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران فواد حسن فواد کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس میں شک نہیں کہ فواد حسن فواد نے جو کیا شہباز شریف کے حکم پر کیا۔ شہباز شریف کے بہت سے احکامات تحریری شکل میں نہیں۔ وکیل کے مطابق پیراگون کو ٹھیکہ نہیں دیا، احد چیمہ وغیرہ کے ریفرنس میں کہیں فواد حسن کا ذکر موجود نہیں۔ احتساب عدالت نے  فواد حسن فواد کو گیارہ ستمبرکو دوبارہ پیش کرنے کاحکم دیا ہے۔ قبل ازیں نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے گھر کی تلاشی لی۔ ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران فواد حسن فواد کے گھر سے اہم دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں،جن میں سے بہت سی ملکی سالمیت سے متعلق ہیں۔ فواد حسن فواد کے گھر سے دو لیپ ٹاپ ،گاڑی سے ایک بلیک بیری سمیت پانچ موبائل فونز بھی قبضے میں لے لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے بلیک بیری کا پاس ورڈ بھی حاصل کر لیا۔ فواد حسن فواد کے بیگ سے تیس سے زائد یو ایس بی بھی قبضے میں  لی گئی ہیں۔ نیب کے مطابق فواد حسن فواد نے بطور سیکرٹری امپلیمنٹیشن برائے وزیر اعلیٰ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ انہوں نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹوکو آشیانہ پراجیکٹ کا کنٹریکٹ معطل کرنے کے غیر قانونی احکامات جاری کئے۔ آشیانہ اقبال سکینڈل میں ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔