Tuesday, April 23, 2024

احتساب عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 6دسمبر تک توسیع کردی

احتساب عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں  6دسمبر تک توسیع کردی
November 28, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) احتساب عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں  6دسمبر تک توسیع کر دی ۔ راہداری ریمانڈ ختم ہونے پر شہباز شریف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،آشیانہ اسکینڈل میں پیشی پر عدالت نے استفسار کیا فائل میں رمضان شوگر ملز کی دستاویزات کیوں لگائی گئیں؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ شہبازشریف کے خلاف کچھ مشکوک بنک ٹرانزیکشن ملی ہیں،راہداری ریمانڈ کی وجہ سے تفتیش نہیں ہو سکی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف نے چھ کروڑ کے تحائف قریبی عزیزوں کو دئیے ، ملزم کی اُس سال آمدن ڈھائی کروڑ تھی،چھ کروڑکہاں سے آئے یہ واضح نہیں ہو سکا ۔ تفتیشی افسر نے بتایا شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری بھی ہورہی ہے، شہباز شریف نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا نیب کی جانب سے حقائق سے مبرا باتیں کی جارہی ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی آپ ان پوائنٹس کو نوٹ کرلیں اپنی ٹرن پر بتائیے گا، شہباز شریف کے وکیل نے بتایا اس مقدمے کی تفتیش کو گیارہ ماہ گزر چکےہیں،بیس کروڑ روپے کی زمین ان کے موکل نے فروخت کی،اگر اس میں سے کچھ رقم بطور گفٹ کرتے ہیں تو کیا غیر قانونی ہے؟۔اپوزیشن لیڈر سے ایسی جائیداد کی دستاویزات مانگ رہے ہیں جو سالوں پہلے بک چکی ہے۔ وکیل نے بتایا نیب کی جانب سے کہا گیا کہ نومبر کے آخر میں ریفرنس فائل کیا جائے گا،عدالت نے تفتیشی افسر سےاستفسار کیا آپ بتائیں کہ ریفرنس سائن ہوا کہ نہیں؟۔ افسر نے مؤقف اختیار کیاقانونی مشاورت جاری ہے تاحال ریفرنس سائن نہیں ہوا۔ شہباز شریف کی پیشی پر احتساب عدالت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے،جبکہ لیگی کارکنوں کی جانب سے خوب نعرے بازی کی گئی۔