Saturday, May 18, 2024

آشیانہ اقبال اسکینڈل، ریفرنس کی کاپی اور ڈی وی ڈی شہباز شریف کو دیدی

آشیانہ اقبال اسکینڈل، ریفرنس کی کاپی اور ڈی وی ڈی شہباز شریف کو دیدی
March 27, 2019

لاہور ( 92 نیوز) احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت کے دوران عدالت نےریفرنس کی کاپی اورڈی وی ڈی شہباز شریف کو فراہم کردی۔

آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کی آئندہ سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی،عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی،شہباز شریف ، حمزہ شہباز اوردیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت  فاضل جج اور شہباز شریف کے وکلاء کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا، وکلاء نے ہڑتال کے باعث  کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی شہادت قلمبند نہ کی جائے۔

جج نجم الحسن نے ریمارکس دئیےان کے پاس ہڑتال کا کوئی نوٹس نہیں آیا،انہوں نے تنبیہ کی ایسا رویہ اختیار نہ کریں، مجھے یہ رویہ سخت ناپسند ہے، اگر رویہ درست نہ ہونے کا لکھ دیا تو نقصان آپ کا ہو گا، اگر تاریخ چاہئے تو لکھ کر دیں عدالت میں سنی سنائیں باتیں نہیں چلتیں،ہڑتال باہر ہے عدالت کےاندر نہیں۔

شہباز شریف کےوکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم پنجاب بار کونسل کے رکن ہیں اور بار نے ہی  ہڑتال کی کال دی ہے۔

سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے عدالت میں اونچا بولنے پرنجم الحسن نے انہیں جھاڑ پلا دی۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گواہ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عاطف خان کا بیان قلمبند کیا گیا، 9اپریل کو بھی گواہوں کےبیانات قلمبند ہوں گے۔

عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں ملزموں کے وکیل کو مطلوبہ دستاویزات مہیا کر کے درخواست نمٹاتے ہوئے سماعت 9اپریل تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پرشہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جائےگی۔