Thursday, April 25, 2024

آسکرز ایوارڈز کا میلہ گرین بک اور روما نے لوٹ لیا

آسکرز ایوارڈز کا میلہ گرین بک اور روما نے لوٹ لیا
March 2, 2019
لاس اینجلس ( 92 نیوز) فلمی دنیا کے سب سے بڑے آسکرز ایوارڈز کا میلہ گرین بک اور روما نے لوٹ لیا۔ لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں 91ویں آسکرز ایوارڈز کی رنگا رنگ شام سجی جس میں دیدہ زیب لباس زیب تن کیے فلمی ستارے  ریڈ کارپٹ پر جلوہ افروز ہوئے، جنہیں دیکھنے کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ آسکرز ایوارڈز 2019 میں بہترین فلم کا ایوارڈ گرین بک کو ملا ، جو ساٹھ کی دہائی میں شہرت پانے والے سیاہ فام امریکی پیانسٹ کی زندگی پر مبنی ہے۔ بہترین ادکار ریمی ملک قرار پائے، جنہیں یہ ایوارڈ فلم بوہیمیئن ریپسوڈی میں نبھائے گئے کردار کی بنیاد پر دیا گیا ۔ ریمی دوسرے عرب نژاد اداکار ہیں جنھوں نے فلم نگری کا یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔ اولیویا کولمین نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا، انھوں نے فلم دی فیوریٹ میں کوئین این کا کردار بخوبی انداز میں نبھایا۔ فلم روما کے ڈائریکٹر الفانسو کوآرون بیسٹ ڈائریکٹر قرار پائے، جو ان کا چوتھا آسکر ایوارڈ ہے ۔ فلم گرین بک کے ماہرشلہ علی کو بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ فلم اف بیلے سٹریٹ کڈ ٹالک کی ریجینا کنگ کے نام ہوا۔ بیسٹ سانگ کا ایوارڈ فلم اے سٹار از بورن کے گانے شیلو نے جیتا، لیڈی گاگا نے بریڈلی کوپر کے ساتھ مل کر یہ گانا گایا اور خوب داد وصول کی۔ دو ہزار انیس کے آسکر میں فلم گرین بک اور روما نے تین تین ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔