Wednesday, May 8, 2024

آسکرز2017: فلمی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ میلہ آج سج رہا ہے

آسکرز2017: فلمی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ میلہ آج سج رہا ہے
February 26, 2017

لاس اینجلس (ویب ڈیسک) ہالی وڈ میں فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکرز کا رنگارنگ میلہ آج سجے گا۔ خوبصورت ملبوسات اور ہیرے جواہرات سے سجی دھجی ہالی وڈ اسٹارز ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیریں گی۔ میوزیکل اور ڈرامہ فلم ”لا۔۔۔ لا ۔۔۔لینڈ“ چودہ نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ کون سی فلم سب سے زیادہ ایوارڈز اپنے نام کرے گی فیصلہ آج ہوگا۔

فلمی دنیا کے ستاروں کے استقبال کے لیے پچیس ہزار مربع فٹ سرخ قالین بچھایا گیا ہے۔ اس سال تقریب میں پھولوں کے بجائے گرینڈ سٹینڈز پر گرافکس دکھائی دیں گے۔ میوزیکل اور ڈرامہ فلم”لا۔۔۔ لا۔۔۔ لینڈ“ چودہ نامزدگیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

سائنس فکشن فلم ”ارائیول“ آٹھ نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ ایکشن فلم ”ہیکسا رج“، ”ہیل آر ہائی واٹر“ ، ”مانچسٹر بائی دی سی“ ، ”مون لائٹ“ ، ”ہڈن فگرز“ ، ”لائن“ اور ’’فینسز‘‘ بھی بہترین فلم کے آسکرز ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

بہترین اداکار کے لیے ریان گوسلنگ، کیسے ایفلک، ڈینزل واشنگٹن، برطانوی اداکار اینڈریو گارفیلڈ اور ویگو مورٹینسز کے درمیان جوڑ پڑے گا جبکہ بہترین اداکارہ کے لیے ایما اسٹون نتالی پورٹ مین، میرل اسٹریپ، ایزبیل ہیپرٹ اور روتھ نیگا میدان میں ہیں۔