Thursday, March 28, 2024

آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز کو بغیر ویزہ پاکستان لانے پر وزیر داخلہ چودھری نثار کا نوٹس، خلیجی ایئرلائن کیخلاف کارروائی کا حکم

آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز کو بغیر ویزہ پاکستان لانے پر وزیر داخلہ چودھری نثار کا نوٹس، خلیجی ایئرلائن کیخلاف کارروائی کا حکم
December 21, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز کو بغیر ویزہ پاکستان لانے پر وزیر داخلہ چودھری نثار نے نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ڈین جونز کو بغیر ویزہ پاکستان لانے پر خلیجی ایئرلائن کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے والی ایئرلائنز اور افراد کو قوانین کی پابندی کرنا ہو گی۔ بیرون ملک پی آئی اے کو قانون کی پابندی کرائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو نامکمل دستاویزات کے باعث پاکستان سے ڈی پورٹ کر دیا گیا جبکہ ڈین جونز نے انہیں ڈی پورٹ کئے جانے کی خبر کی تردید کر دی تھی۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اپنی ٹیم کے لوگو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے دبئی سے پاکستان پہنچے تو بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں نامکمل دستاویزات کے باعث ڈی پورٹ کر دیا۔ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں اور اکیس اور بائیس دسمبر کو کھلاڑیوں کی بولی لگنے کے حوالے سے بھی ٹیم انتظامیہ کے دیگر افراد کے ساتھ مشاورت کے لئے پاکستان آئے تھے۔ بعدازاں ڈین جونز نے اپنے ٹویٹ میں میڈیا پرسنز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا اصل حقائق بتائے جائیں۔ انہیں ڈی پورٹ نہیں کیا گیا۔ اپنے مداحوں کے لئے انہوں نے لکھا کہ وہ لاہور پہنچ رہے ہیں اور پاکستان کے ویزہ پراسیس میں تبدیلیوں کے باعث اب ان کے کاغذات مکمل بھی ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا وزیر داخلہ چودھری نثار نے آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز کو بغیر ویزہ پاکستان لانے پر نوٹس لے لیا ہے اور خلیجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔