Thursday, March 28, 2024

آسٹریلیاپانچویں بار دنیائےکرکٹ کا حکمران بن گیا

آسٹریلیاپانچویں بار دنیائےکرکٹ کا حکمران بن گیا
March 29, 2015
میلبورن(سپورٹس ڈیسک)ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کے فائنل معرکے میں آسٹریلیا  نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے دھول چٹاکر پانچویں بار دنیائے کرکٹ نیاحکمران بن  گیا۔ کیویز کرکٹ کے عالمی میلے میں صرف ایک میچ ہار کر سب کچھ ہار گئےآسٹریلوی قائد نے ون ڈے کی آخری اننگز کو یاد گار بنا دیا۔ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں کھیلے گئے ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کے فائنل  میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن  ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ  کیا جو غلط ثابت ہوا،کپتان برینڈن میکلم پہلے اوور میں  آؤٹ ہوئے تو   کیویز کے حوصلے بھی ٹوٹ گئےاور انتالیس کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں گر گئیں۔ راس ٹیلر اور گرانٹ ایلیٹ  نے گرتی دیوار کو سہارا تو دیا لیکن روک نہ سکے، راس ٹیلر چالیس رنز بناکر پویلین لوٹے  تو کورے اینڈرسن اور لیوک رونکی بھی ان کے پیچھے چل پڑے۔ گرانٹ ایلیٹ  کی ہمت بھی جواب دے گئی  اورتراسی رنز پر آؤٹ ہوگئے،پوری کیوی ٹیم ایک سو تراسی  کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی،جونسن اور فالکنر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کے لیے ہدف آسان اور حوصلے بلند تھے،،اوپنر ایرون فنچ صفر پر پویلین لوٹے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے پینتالیس رنز جوڑے۔ کپتان مائیکل کلارک نے اپنے آخری ون ڈے میچ کے دوران چوہتر رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جیت کی راہ ہموار کردی اسٹیون اسمتھ نے بھی نصف سنچری اسکور کی اور آسٹریلیا نے ہدف چونتیسویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔