Wednesday, May 8, 2024

آسٹریلیا نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

آسٹریلیا نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
June 2, 2019
برسٹول ( 92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کے میچز کا سلسلہ جاری ہے ، چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں افغانستان نے ٹاس  جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کی پوری ٹیم 38.2 اوورز میں 207 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔ افغانستان کے اوپنر وکٹ کیپر بلےبازمحمد شہزاد  پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ اگلے اوور کی دوسری گیند پر ساتھی اوپنر حضرت اللہ زازئی بھی بغیر کوئی رن بنائے  پیٹ کمینز کی گیند پر وکٹ کیپر ایلیکس کیرے کو کیچ تھما کر چلتے بنے ۔ ٹاپ آرڈر رحمت شاہ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی ، وہ زمپا کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ حشمت اللہ شہیدی 18 ،کپتان گلبدین نبی 31رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ نجیب اللہ  زدران 51 رنز بناکر افغانستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے ، ان کی اننگز میں دو چھکے اور سات چوکے بھی شامل تھے ۔ چونتیسویں اوور کے اختتام پر افغانستان کی ٹیم 7 وکٹیں گنوا کر 162 رنز  بنا چکی تھی ۔ راشد خان 27 ،دولت زدران 4 اور مجیب الرحمان 13 اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمینز اور ایڈم زیمپانے تین تین کھلاڑیوں کا شکار کیا،مارکس سٹونس نے دو اورمچل اسٹارک نے ایک کھلاڑی  کو میدان بندر کیا۔ آسٹریلیا نے 208 رنز کا ہدف 34.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ آسٹریلیا کے اوپنرز کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے محتاط انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 96 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جہاں کپتان  ایرون فنچ 66  رنز  بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ٹاپ آرڈر عثمان خواجہ 15،سٹیون سمتھ 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان ،گلبدین نائب اور راشد خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔