Thursday, March 28, 2024

آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا

آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا
January 7, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیسٹ ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں بھی وائٹ واش شکست کا مزہ چکھ لیا۔ آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کو220 رنز سے ہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان نے پچپن رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو اظہر علی گیارہ اور یاسر شاہ تین رنز کے ساتھ میدان میں آئے۔

اظہر علی انفرادی سکور میں کسی رن کا اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ یاسر شاہ نے مزید دس رنز بنائے۔ بابر اعظم نو اور یونس خان تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مصباح الحق اڑتیس، اسد شفیق تیس اور وہاب ریاض بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد عامر پانچ جبکہ عمران خان کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے۔ سرفراز احمد 72رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ 

اس طرح پوری پاکستانی ٹیم 464رنز کے تعاقب میں 244 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وڈ اور اوکیفی نے تین، تین، لیون نے دو جبکہ سٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی آسٹریلیا میں یہ مسلسل بارہویں ٹیسٹ شکست ہے۔ 

ڈیوڈ وارنر مین آف دی میچ اور سٹیون سمتھ مین آف دی سیریز قرار پائے۔