Tuesday, May 21, 2024

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں دھول چٹا کر سیریز جیت لی

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں دھول چٹا کر سیریز جیت لی
December 29, 2019
میلبورن ( 92 نیوز) دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو زیر کرلیا  اور 247 رنز سے  فتح سمیٹ لی ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 26تا 29 دسمبر میلبورن اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا  اور پہلی اننگز میں 467 رنزبنائے ۔ٹریویز ہیڈ 114 ،سٹیون سمتھ 85،وکٹ کیپر بلے باز اور کپتان ٹم پائن 79 اور ڈیوڈ وارنر  41 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔اوپنر جوئے برنز صفر ،مچل اسٹارک ایک ،پیٹ کمیونز صفر اور ناتھن لیون ایک رنز  پر آؤٹ ہوئے ۔ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر  نے 4، ٹم سودھی نے 3کولن دی گرینڈہوم نے دو اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم 467 رنز کے جواب میں صرف 148 پر آل آؤٹ ہو گئی ۔ اوپنر ٹام لاتھیم 50 ،ٹام بلینڈیل15 ،کپتان ولیم سن 9،روز ٹیلر 4،ہینری نیکلوس  صفر ، وکٹ کیپر بلے بازبی جے واٹلنگ 7 رنز پر چلتے بنے ۔گرینڈ ہوم 11 ،مچل سانٹنر 3،ٹم سودھی 10 ،ٹرینٹ بولٹ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمیونز نے 5 ،جیمز پیٹنسن نے 3 اور  مچل اسٹارک نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی ٹیم نے  پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کر دی۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 38 ،جوئے برنز  نے 35 ،مارنس لیبو شگنے  نے 19 سٹیو سمتھ نے 7 اور ٹریویز ہیڈ نے 28 رنز بنائے  ۔میتھیو ویڈ 30 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر نے  تین اور مچل سانٹنر نے ایک  وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں  488 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری مگر  پت چھڑ کا منظر پیش کرتی رہی ۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب ٹام لاتھیم 8 رنز بنا کر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے ۔33 کے مجموعی اسکور پر کپتان کین ولیم سن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔روز ٹیلر کی مزاحمت بھی بس دو رنز کی ثابت ہوئی ۔ 89 کے مجموری اسکور پر  نیوزی لینڈ کو چوتھا دھچکا لگا جب ہینری نیکولس 33 رنز بنا کر اسٹیمپ آؤٹ ہوئے ۔ وکٹ کیپر بلے باز بی جے واٹلنگ  نے 22 اور گرینڈ ہوم نے 9 رنز کی مزاحمت کی ۔  اوپنر ٹام بلینڈیل  آخری دم تک کھڑے رہے ، وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے آؤٹ ہونے والے  دسویں کھلاڑی تھے ۔ انہوں نے  121 رنز بنائے  وہ 321 منٹ تک کریز پر کھڑے رہے ، اس طرح  نیوزی لینڈ کی ٹیم  دوسری اننگز میں 5.35 گھنٹوں میں پویلین واپس لوٹ گئی ۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا  کی جانب سے ناتھن لیون نے چار ،جیمز پیٹنسن نے  3اور مارنس لیبوشگنے نے ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا جب کہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے ۔ ٹریویز ہیڈ  مین آف دی میچ قرار پائے ۔