Friday, April 19, 2024

آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دیدی

آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دیدی
June 15, 2019
لندن ( ویب ڈیسک ) ورلڈ کپ 2019 کا رنگا رنگ ایونٹ جاری ہے جہاں  ایونٹ کے 20 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دیدی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ آسٹریلیا نے  مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے  ، جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 45.5 اوورز میں 247 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔ آسٹریلیا کی جانب سے پر اعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا گیا ، کینگروز کی پہلی ووکٹ سترہویں اوور کی  چوتھی گیند پر گری جب اوپنر ڈیوڈ وارنر 48 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ڈی سلوا کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ان کی اننگز میں دو چوکے بھی شامل تھے ۔

محمد عامر کی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی ، قوم نے امیدیں باندھ لیں

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 20 اسکور کے بعد ہی گر گئی جب نوجوان بلے باز عثمان خواجہ تیسویں اوور کی آخری گیند پرڈی سلواکا شکار ہوئے ، ان کا کیچ ایشورو اڈانا نے پکڑا ، وہ صرف  10 رنز بنا سکے ۔ سٹیون سمتھ نے اوپنر اور آسٹریلیا کے کپتان اے جے فنچ کیساتھ مل کر 173 اسکور کی پاٹنر شپ قائم کی ۔کپتان اے جے فنچ نے 132 گیندوں پر5 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 153 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔ وہ ایشورو اڈانا کی گیند پرکرونا رتنے کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔ آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ سٹیون سمتھ کی صورت میں گری جنہوں نے 59 گیندوں پرایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے ، وہ لیستھ ملینگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ شاؤن مارش آسٹریلیا کی امیدوں پر پورا نہ اترے اور 9 گیندوں پر 3 اسکور بنا کر پویلین لوٹ گئے ،7 رنز کے بعد 317 کے اسکور پر ایلکس کیری بھی رن آؤٹ ہو گئے ، وہ صرف 4 اسکور بنا سکے ۔ تین اسکور کے بعد ٹیل اینڈر پیٹ کیومنز بھی رن آؤٹ ہو کر چلتے بنے ۔ مڈل آرڈر گلین میکس ویل اور مچل سٹارک ناقابل شکست رہے  ۔  میکس ویل نے 25 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 46 اسکور بنائے ۔ انہوں نے چوکوں کی ہیٹ ٹرک بھی کی ۔ سری لنکا کی جانب سے ملینگانے ایک جب کہ ایشورواڈانا اوردھننجیا ڈی سلوا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔ سری کی ٹیم 335 رنز کے ہدف کے  تعاقب میں میدان میں اتری تو محتاط انداز اپنایا  ۔ اوپنر کوشال پریرا نے کپتان دمتھ کرونا رتنے کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے  جہاں کوشال مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔

موسم اچھا رہا تو اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا، سنیل گواسکر

ٹاپ آرڈر لہرو تھریمانے  ٹیم کی امیدوں پر پورا نہ اترے اور صرف16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ جس کے بعد اوپنر  دمتھ کرونارتنے 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ سری لنکا کے مڈل آرڈرز بری طرح ناکام رہے جنہوں نے اوپنرز کی 115 رنز کی شراکت پر بھی پانی پھیر دیا۔ انجلیو میتھیوز 9،ملینڈا سری وردھنے 3 اور تھریسارا پریرا 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ دھننجیا ڈی سلوا 10رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، ایشورو اڈانا  8،لیستھ ملینگا 1اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے  مچل اسٹارک نے 4،کین رچرڈ سن نے 3 ، پیٹ کیومنز نے دو اور  جیسن بہرنڈرف نے ایک کھلاڑی میدان بدر کیا۔