Tuesday, April 23, 2024

آسٹریلیا نے بھارت کو 32 رنز سے دھول چٹا دی

آسٹریلیا نے بھارت کو 32 رنز سے دھول چٹا دی
March 9, 2019
رانچی ( 92 نیوز) فوجی کیپ پہن کر میدان میں اترنے والی بھارتی ٹیم کو  تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے 32 رنز سے دھول چٹادی۔ مسلسل دو میچ جیتنے والی بھارتی ٹیم کو فوجی ٹوپی پہننا مہنگا پڑ گیا، آسٹریلیا کے 313رنز کے جواب میں پوری بھارتی ٹیم 281رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ پاکستانی نژاد عثمان خواجہ کی شاندار سنچری  ، مین آف دی میچ قرار پائے۔ رانچی کے میدان میں  تیسرے ون ڈے کے دوران بھارتی فوج کی کیپ سر پر پہننا بھی انڈین کرکٹ ٹیم کے  کسی کام نہ آسکا اور32رنز سے شکست نے انکا استقبال کیا۔ آسٹریلیا کیخلاف میچ سے قبل  سابق کپتان اور بھارتی فوج کے اعزازی لیفٹیننٹ کرنل مہندرا سنگھ دھونی نے پوری ٹیم میں فوجی کیپس تقسیم کیں۔ بی سی سی آئی کے مطابق اس کا مقصد پلواما حملے میں ہلاک ہونیوالوں کے ورثا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا  اور انکے لیے فنڈز اکٹھا کرنا تھا ۔ آسٹریلوی ٹیم نے  بھارتیوں کے جذبات کا ذرا بھی احساس نہ کیا،پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے بھارتی باؤلروں کی ایک نہ چلنے دی اور 104رنز کی شاندار اننگز کھیل کر313کا ہدف کھڑا کردیا۔ بھارتی ٹیم کے کپتان کوہلی  نے جب تک ہیلمٹ پہنے رکھا تو انکا بلا خوب چلا،جیسے ہی سر پر فوجی کیپ دوبارہ پہنی تو پویلین کو چلتے بنے۔ کرنل دھونی  کا اعزازی عہدہ بھی ٹیم کے کسی کام نہ آیا اور پوری ٹیم 282رنز پر رانچی کے میدان میں ڈھیر ہوگئی۔