Thursday, May 9, 2024

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز جیت لی

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز جیت لی
September 17, 2020

اولڈ ٹریفورڈ ( 92 نیوز) انگلینڈ کو 2015 کے بعد ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست، آسٹریلیا نے تیسرا ایک روزہ میچ جیت کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی ۔ آسٹریلیا نے 302 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، میکس ویل نے 108 اور الیکس کیری نے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔

میکس ویل اور الیکس کیری نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، کینگروز نے انگلینڈ سے یقینی فتح چھین لی،سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

انگلینڈ کے 303رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کا اچھا نہ تھا، 73 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی ۔ اس کے بعد میکس ویل اور الیکس کیری نے ٹیم  کو سہارا دیا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 212 رنز کی بڑی شراکت داری قائم کی،میکس ویل نے108 اور الیکس کیری نے 106رنز کی اننگز کی  کھیلی ۔

میکس ویل اور الیکس کیری کے آؤٹ ہونے  پر میچ دلچسپ ہو گیا، آسڑیلیا کو آخری اوور میں جیت کیلئے 10رنز درکار تھے، مچل اسٹارک نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر آسٹریلیا کی جیت کی امیدیں روشن کر دیں دو گیندوں کے بعد مچل اسٹارک نے چوکا لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔

انگلینڈ نے  پہلے کھیلتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے جونی بیئر اسٹو اور سیم بلنگز 57 رنز بنا کر نمایاں رہے ،آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور مچل اسٹارک نے تین ،تین وکٹیں  حاصل کیں۔