Wednesday, May 8, 2024

آسٹریلیا‘ نیوزی لینڈ‘ کرسمس آئی لینڈ اور سمووا کے جزائر میں نیوایئر نائٹ کا جشن

آسٹریلیا‘ نیوزی لینڈ‘ کرسمس آئی لینڈ اور سمووا کے جزائر میں نیوایئر نائٹ کا جشن
December 31, 2015
آک لینڈ (ویب ڈیسک) پاکستان میں غموں اور خوشیوں کو لئے دو ہزار پندرہ کا آخری سورج غروب ہو گیا جبکہ آسٹریلیا‘ نیوزی لینڈ‘ کرسمس آئی لینڈ اور سمووا کے جزائر میں نئے سال کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس موقع پر لوگوں نے جشن منایا۔ دنیا بھر کے لوگوں پرامید ہیں کہ نیا سال خوشیاں اور امن لائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہریوں نے دو ہزار سولہ کو سب سے پہلے خوش آمدیدکہا۔ سال نو کی خوشی پر آک لینڈکا سکائی ٹاور رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگااٹھا۔ اس موقع پر آتش بازی کابھی شاندارمظاہرہ کیاگیا۔ کرسمس آئی لینڈ اور سمووا کے جزائر میں بھی نیوایئر نائٹ کا جشن منایا گیا۔ دوسری جانب پاکستان میں دو ہزار پندرہ کا آخری سورج غروب ہو گیا ۔ جانے والا سال جہاں بہت سے سوگوار لمحات لایا وہاں بہت سی خوشگوار یادیں بھی چھوڑ گیا۔ پاکستان میں دو ہزار پندرہ کے آخری غروب آفتاب کا نظارہ سب سے پہلے سیالکوٹ میں رہنے والوں نے کیا جہاں سورج پانچ بج کر چھے منٹ پر نگاہوں سے اوجھل ہوا۔ سیالکوٹ کے بعد سورج ڈوبنے کا منظر لاہور کے شہریوں نے دیکھا جہاں خوشیاں اور غم سموئے سورج پانچ بج کر نو منٹ پر ڈھل گیا۔ کراچی کے باسیوں نے سال کے آخری غروب آفتاب کا منظر پانچ بج کر تریپن منٹ پر دیکھا گیا۔ کوئٹہ میں سال کا آخری سورج پانچ بج کر اکتالیس منٹ پر غروب ہوا۔ سال کے آخری سورج کے غروب ہونے پر شہریوں نے نئے سال کے لئے خوش حالی کی دعائیں بھی مانگیں۔