Wednesday, May 8, 2024

آسٹریلیا میں موسلا دھار بارشیں ، سیلابی ریلے میں ہزاروں مکانات بہہ گئے

آسٹریلیا میں موسلا دھار بارشیں ، سیلابی ریلے میں ہزاروں مکانات بہہ گئے
February 4, 2019
سڈنی ( 92 نیوز) آسٹریلیا میں موسلا دھار بارشوں کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ندی نالوں میں طغیانی   آگئی اور سیلابی  ریلے میں  ہزاروں مکانات بہہ گئے۔ بارش کے پانی سے ڈیم بھی بھرگئے ، شہریوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل ہونےکی ہدایت جاری کر دی گئیں ۔ دنیا بھر میں جہاں سردی کی شدید لہر نے نظام زندگی منجمد کررکھا ہے وہیں آسٹریلیا میں موسلادھار بارشوں نے سیلابی صورتحال اختیار کرلی ہے۔ شدید بارشوں کے بعد آسٹریلیا کی شمالی ریاست کوئنز لینڈ بدترین سیلاب کی زد میں آگئی، ندی نالوں میں طغیانی جبکہ ڈیم بھی بھرگئے۔ سیلاب کےباعث ہزاروں مکانات متاثر ہوگئے ۔ حکام کے مطابق خراب موسم کے باعث سب سے زیادہ ٹاؤن ویلی متاثر ہواہے ، جہاں بارش نے بیس سالہ ریکارڈ توڑ دیا ۔ حکام کےمطابق یہاں سات روز میں ایک ہزار بارہ ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے۔ ادھرحکام نےشہریوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔