Thursday, May 9, 2024

آسٹریلیا 5 بار ورلڈ کپ جیت کر سر فہرست ہے

آسٹریلیا 5 بار ورلڈ کپ جیت کر سر فہرست ہے
May 26, 2019
دبئی ( 92 نیوز ) ماضی میں کرکٹ ورلڈ کپس کے دوران کچھ ٹیموں یا کچھ کھلاڑیوں نے ایسا کردکھایا کہ وہ تاریخ میں امر ہو گئے جیسا کہ آسٹریلیا 5 بار ورلڈ کپ جیت کر  سب سے زیادہ  ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم ہے ۔ کرکٹ کی تاریخ میں آسٹریلیا 5 بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے جن میں سے  1999 سے 2007 تک لگاتار تین بار ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی آسٹریلیا ہی کے پاس ہے۔کینگروز  اس بار اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میدان میں اتریں گے۔ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے جیتنے کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پاس ہے ،جنہوں نے 2011 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف پورا کیا۔ آئرش کھلاڑی کیون اوبرائن نے 63 گیندوں پر 113رنز بنا کر ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ ورلڈ کپ میں ایک ٹیم کے سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ آسٹریلیا کے نام ہے جنہوں نے 2015 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف 417 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم صرف 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور آسٹریلیا کے میچ 275 رنز سے اپنے نام کیا جو ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ  اسکور سے جیتنے کا ریکارڈ ہے۔ ورلڈ کپ میں سب سے کم ٹیم اسکور کا ریکارڈ کینیڈا کے پاس ہے، 2003 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا نے کینیڈا کو صرف36 کے مجموعی اسکور پرآل آؤٹ کر دیا۔ ایک ٹورنامنٹ میں سارے میچز جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس ہے جنہوں نے یہ معرکہ دو بار سر انجام دیا ، آسٹریلیا کے 2003 اور 2007 کے ورلڈ کپس میں گیارہ ،گیارہ میچز جیت کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ورلڈ کپ میں لگاتار سب سے زیادہ میچ جیتنے کا ریکارڈ بھی آسٹریلیا ہی کے پاس ہے جو 1999 سے 2007 تک 27 میچوں میں ناقابل شکست رہی۔