Sunday, September 8, 2024

آسٹریا کے نوجوانوں نے مسلسل 92گھنٹے تک ٹی وی دیکھنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

آسٹریا کے نوجوانوں نے مسلسل 92گھنٹے تک ٹی وی دیکھنے کا ریکارڈ قائم کر دیا
March 21, 2016
ویانا (ویب ڈیسک) آسٹریا میں پانچ افراد نے اچھوتا ریکارڈ بنا ڈالا۔ ان سر پھروں نے ایک دو نہیں بلکہ مسلسل بانوے گھنٹے تک ٹی وی دیکھا اور دنیا میں سب سے زیادہ دیر تک ٹی وی دیکھنے کا ریکارڈ بنا ڈالا۔ پانچوں افراد کے نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریا کے پانچ نوجوانوں نے عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے مسلسل 92گھنٹے تک ٹی وی دیکھا۔ اس مقابلے کے منتظم موریٹز آرنلڈ کا کہنا ہے کہ جوں جوں عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے اختتامی لمحے قریب آ رہے تھے توں توں یہ مشکل سے مشکل ترین ہوتا جا رہا تھا۔ آسٹرین ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز میں چار لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں جن کی عمریں 19 سے 24سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ورلڈ ریکارڈ توڑنے کیلئے ان افراد کا انتخاب 400 امیدواروں میں سے کیا گیا تھا۔ مقابلے کے منتظم کا کہنا ہے کہ ان افراد کو ٹی وی دیکھنے کے دوران ہر گھنٹے بعد پانچ منٹ کیلئے نہانے یا واش روم جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ مذکورہ نوجوانوں کو نیند سے بچانے اور دلجمعی کے حصول کیلئے ورزشی مشین‘ کافی اور انرجی ڈرنک مہیا کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں مسلسل ٹی وی دیکھنے کا ریکارڈ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں دسمبر 2014ءمیں قائم کیا گیا تھا۔