Friday, April 26, 2024

آسٹریا، عدالت نے پرائمری اسکولوں میں اسکارف پہننے پر پابندی کے قانون کو منسوخ کردیا

آسٹریا، عدالت نے پرائمری اسکولوں میں اسکارف پہننے پر پابندی کے قانون کو منسوخ کردیا
December 13, 2020

ویانا (92 نیوز) آسٹریا کی آئینی عدالت نے پرائمری اسکولوں میں اسکارف پہننے پر پابندی کے قانون کو منسوخ کردیا۔

آسٹریا کی عدالت نے ایلیمنٹری اسکولوں میں اسکارف پہننے پرپابندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو برابری، مذہبی آزادی دینے سے ہی ریاست کی نظریاتی غیر جانبداری قائم رہ سکتی ہے۔

فیصلے میں لکھا گیا کہ حکومت کو تمام مذہبی عقائد کے ساتھ برابری کا سلوک روا رکھنا چاہیے، اگر اسکارف پر پابندی لگائی گئی ہے تو سکھوں کی پگڑی اور یہودیوں کے کِپا پر کیوں نہیں لگائی گئی۔

عدالت نے کہا کہ اسکول ایسی جگہ ہوتے ہیں جہاں آزادی اور برداشت کی بنیادی اقدار کو فروغ ملنا چاہیے، نہ کہ نفرت اور مذہبی منافرت کو۔

آسٹریا کی پارلیمنٹ میں دائیں بازو کی جماعتوں نے 2019ء میں اس کالے قانون کو منظور کیا تھا، جس کے تحت پرائمری اسکولوں میں اسکارف پہننے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

اسکارف پر پابندی کے بعد مسلمان کمیونٹی نے عدالت سے رجوع کیا تھا اور عدالت کی توجہ اس غیر آئینی اقدام کی طرف دلائی، آسٹریا کی اسلامک فیتھ آرگنائزیشن نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔