Thursday, April 25, 2024

آسمانی بجلی کی شعاع 200میل تک لمبی ہو سکتی ہے : عالمی ماہرین موسمیات

آسمانی بجلی کی شعاع 200میل تک لمبی ہو سکتی ہے : عالمی ماہرین موسمیات
September 25, 2016
لندن (ویب ڈیسک) موسمیات کے عالمی ماہرین نے کہا ہے کہ آسمانی بجلی 200 میل تک لمبی ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسمانی بجلی دور سے دیکھنے میں خوبصورت منظر پیش کرتی ہے۔ کچھ لوگوں کیلئے یہ دلچسپی کا سامان لیے ہوئے ہوتی ہے اور زیادہ تر کیلئے خوف کی علامت۔ بہرحال جو بھی کہا جائے آسمانی بجلی کا وقوع پذیر ہونا حیران کن ہوتا ہے مگر حال ہی میں اس کے بارے میں ایک دلچسپ انکشاف ہوا ہے۔ ماحولیات پر کام کرنے والی عالمی تنظیم ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے تصدیق کی ہے کہ آسمانی بجلی کی لمبائی سابقہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بیس جون 2007 ءکو امریکی ریاست اوکلاہاما کو بدترین طوفان کا سامنا تھا۔ اسی دوران وہاں چمکنے والی آسمانی بجلی کی پیمائش کی گئی تو وہ 199.5 میل لمبی نکلی جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ اس کا دورانیہ 7.74 سیکنڈ تھا۔ اس وقت سے سائنسدان اس بحث میں مبتلا ہیں کہ آسمانی بجلی کی لمبائی 200 میل لمبی ہو سکتی ہے۔ خیال رہے کہ 2000ءسے اب تک امریکہ میں آسمانی بجلی سے سالانہ اوسطاً پچاس اموات ہوتی ہیں۔ رواں سال اب تک امریکہ کی مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلی سے 35 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔