Friday, April 19, 2024

آسمان سے برستی آگ اور آٹھ سے دس گھنٹے لوڈشیڈنگ، نظام زندگی مفلوج

آسمان سے برستی آگ اور آٹھ سے دس گھنٹے لوڈشیڈنگ، نظام زندگی مفلوج
May 18, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) آسمان سے برستی آگ نے ملک کے مختلف علاقوں میں نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی۔ بجلی آٹھ سے دس گھنٹے غائب رہنے لگی جس سے لوگوں کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ ملک بھر میں سورج آگ اگلنے لگا ہے جس سے لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا۔ لوڈشیٖڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعوے سارے ہوا ہو گئے۔ شہر شہر بجلی گھنٹوں غائب رہنے لگی جس سے لوگ بلبلا اٹھے ہیں۔ وزارت بجلی کے مطابق گرمی کی شدت بڑھنے کے وجہ سے بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 5 سو میگاواٹ ہو گیا ہے۔ طلب اور رسد کے فرق کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں چھے سے دس گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے لوگوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ عوام کہتے ہیں کہ ملک سے اندھیرے ختم کرنے کے وعدے تو پورے نہ ہوئے کم ازکم لوڈشیڈنگ میں کمی ہی کر دی جائے۔ سکھر اور حیدرآباد میں بھی 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ادھر کوئٹہ اور پشاور میں بھی چھے سےدس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کے دماغ کا میٹر گھما دیا ہے۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ہے۔