Sunday, September 8, 2024

آزادی کی آواز کوئی نہیں دبا سکتا، پاکستان موقف پر قائم رہے !!! بھارت نے ایک بار پھر کشمیری رہنماﺅں کو نظربند کر دیا

آزادی کی آواز کوئی نہیں دبا سکتا، پاکستان موقف پر قائم رہے !!! بھارت نے ایک بار پھر کشمیری رہنماﺅں کو نظربند کر دیا
August 21, 2015
سرینگر (92نیوز) مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کےلئے بھارت سرکار پوری طرح متحرک ہوگئی۔ کشمیری حریت رہنماوں کو ایک مرتبہ پھر نظربند کردیا گیا۔ یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت اگر چھوٹے ایشوز پر رہے گا تو بڑے مسائل کیسے حل ہونگے۔ علی گیلانی کہتے ہیں پاکستان اصولی موقف سے پیچھے نہ ہٹے۔ پہلے بھی ملاقاتیں ہوتی رہیں، اب روکا جانا سمجھ سے باہر ہے۔ تفصیلات کے مطابق 92نیوز سے گفتگو میں حریت رہنماوں نے کہا کہ بھارت آزادی کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔ یاسین ملک نے 92نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بھارت اگر چھوٹے ایشوز کو مسئلہ بنائے گا تو بڑا مسئلہ کیسے حل کرے گا۔ تمام معاملات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان کو اپنے موقف پر قائم رہنا چاہئے، کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانا ہوگا، پیدائشی حق حاصل کرنے کےلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ حریت رہنماوں نے کہا کہ کشمیری عوام ثابت قدمی کا مظاہر ہ کر رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اگر سرتاج عزیز سے ملاقات ہو پائی تو اپنے ایجنڈے اور لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔ حریت رہنماوں نے سوال اٹھایا کہ اکیس سال سے پاکستان کی قیادت ملاقات کرتی رہی اب اسے غیرقانونی قرار دینا سمجھ سے باہر ہے۔