Sunday, September 8, 2024

آزادی کپ: ورلڈ الیون نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کےبعد سات وکٹوں سے شکست دے دی

آزادی کپ: ورلڈ الیون نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کےبعد سات وکٹوں سے شکست دے دی
September 13, 2017

لاہور (92 نیوز) آزادی کپ میں ورلڈ الیون کا بھرپور کم بیک۔۔۔دوسرے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے دی۔  

آزادی کپ کا دوسرا میچ ورلڈ الیون کے نام ورلڈ الیون نے ایک سو پچھتر رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کر لیا۔ مہمان ٹیم کے ہاشم آملہ اور تشارا پریرا نے پاکستانی باؤلرز کے  تمام حربے ناکام بنا دیے۔

ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون کے اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا،تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے گراؤنڈ کے چاروں طرف خوبصورت شاٹس کھیلے۔

تمیم اقبال کی وکٹ کےبعد ٹم پین اور فاف ڈوپلیسی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ آسٹریلوی پلیئر دس اور کپتان بیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،عماد وسیم ،سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد ہاشم آملہ اور تشارا پریرا نے پاکستانی باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا۔ اوپنر 72رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،پریرا نے پانچ چھکوں کی مدد سے صرف انیس گیندوں پرسنتالیس رنز بنائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتےہوئے چھے وکٹوں پر ایک سو چوہتر رنز بنائے،،بابر اعظم پنتالیس، احمد شہزاد تنتالیس اورشعیب ملک  انتالیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان سرفراز احمد صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔

طوفانی بیٹنگ کرنے پر تشارا پریرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ورلڈ الیون کی فتح سے تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ فیصلہ کن معرکہ پندرہ ستمبر کو ہوگا۔