Saturday, May 11, 2024

آزادی مارچ کے خاتمہ پر اپوزیشن جماعتیں بداعتمادی کا شکار، جے یوآئی کا لاہور میں دھرنا

آزادی مارچ کے خاتمہ پر اپوزیشن جماعتیں بداعتمادی کا شکار، جے یوآئی کا لاہور میں دھرنا
November 18, 2019
لاہور(92 نیوز) آزادی مارچ کن شرائط پر ختم کیا گیا؟ اپوزیشن جماعتوں میں بداعتمادی پیدا ہونے لگی، ن لیگ، پیپلزپارٹی اوردیگر جماعتوں نے جے یو آئی سے وضاحت مانگ لی، دوسری طرف جے یو آئی نے پلان بی جاری کردیا، لاہور میں بھی دھرنا دے دیا گیا۔ آزادی مارچ کے خاتمے پر ن لیگ، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں نے وضاحت طلب کرلی، بتایا جائے کن یقین دہانیوں پر دھرنا ختم ہوا؟، اپوزیشن نے پرویزالہٰی کے انٹرویو پر بھی خدشات کا اظہار کیا، اکرم درانی کل رہبر کمیٹی کو وضاحت دیں گے۔ ایک طرف اپوزیشن تقسیم ہے تو دوسری طرف جے یو آئی کا مارچ لاہور بھی پہنچ گیا، جی ٹی روڈ پر لاہور کے داخلی راستے پر دھرنا دیا، کارکنوں نے امامیہ کالونی پھاٹک بلاک کردیا، جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ملک کی مختلف شاہراہوں پر دھرنوں کے پانچویں روز کراچی میں حب ریور روڈ ایک بار پھر بند رہا، کارکنوں نے خان پور میں ظاہر پیر کے مقام پر قومی شاہراہ بند کر دی جس سے کراچی اور لاہور کے درمیان ٹریفک متاثر ہوئی۔ نوشہرہ میں حکیم آباد کے مقام پر کارکنوں نے راولپنڈی اور پشاور کے درمیان ٹریفک مسلسل پانچویں روز معطل کردی، طلباء کو پریشانی کے باعث صبح شروع ہونے والا دھرنا دوپہر 11 بجے کے بعد شروع کیا گیا۔ جے یو آئی کے کارکنوں نے صوبوں کو ملانے والی دیگر کئی سڑکوں پر بھی ٹریفک معطل کئے رکھی تاہم اسلام آباد میں آج موٹروے چوک پر پلان بی کے تحت دھرنا نہیں دیا گیا جس کے باعث ٹریفک بحال رہی۔