Monday, May 6, 2024

آزادی مارچ کا 13واں روز ، اہداف کا تاحال فیصلہ نہ ہو سکا

آزادی مارچ کا 13واں روز ، اہداف کا تاحال فیصلہ نہ ہو سکا
November 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جمعیت علمائے اسلام ف کے آزادی مارچ کا آج 13واں روز ہے  لیکن اہداف کا تاحال فیصلہ نہ ہوسکا، شرکاء آئندہ کے لائحہ عمل بارے منتظر ہیں جب کہ دن بدن  تعداد بھی کم ہونے لگی،پولیس ذرائع شرکاء کی تعداد 15 سے 18 ہزار کے درمیان بتاتے ہیں ۔ جمعیت علماء اسلام ف کا آزادی مارچ 13ویں روز میں داخل ہو گیا ،  عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچا ، یکم نومبر کو دو دن میں وزیراعظم کا استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کا وعدہ کیا گیا جو ابھی تک وفا نہ ہوسکا۔ آزادی مارچ اور دھرنے کا مستقبل کیا ہوگا تاحال فیصلہ نہ ہوسکا ، پلان بی کی حکمت عملی کیا ہوگی  ، کیسے عملدرامد ہوگا یہ بھی واضح نہ ہوسکا ، شرکاء بھی قائدین کے فیصلے کے منتظر ہیں ۔ سرد موسم ، سہولیات کا فقدان بھی رکاوٹیں ڈالنے لگا ، شرکاء کی تعداد روز بروز کم ہونے لگی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء کی تعداد سیرت کانفرنس کے بعد کم ہوگئی۔ آزاد ذرائع شرکاء کی تعداد 30 سے 40 ہزار جبکہ پولیس ذرائع تعداد 15 سے 18 ہزار کے درمیان بتاتے ہیں ، 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے پر پولیس ذرائع کی نظر میں شرکاء کی تعداد 30 ہزار جبکہ آزاد ذرائع کے مطابق 60 سے 70ہزار تھی۔