Saturday, April 20, 2024

آزادی مارچ میں جتنے شرکاء ملتان سے چلے ، اتنے لاہور نہیں پہنچے ، ہارون الرشید

آزادی مارچ میں جتنے شرکاء ملتان سے چلے ، اتنے لاہور نہیں پہنچے ، ہارون الرشید
October 31, 2019
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )  تجزیہ کار ہارون الرشیدنے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکا جتنے ملتان سے چلے تھے ،اتنے لاہور نہیں پہنچے ، مولانا کے اپنے بندے بھی غائب تھے ۔ پروگرام مقابل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مارچ میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کہیں نظر نہیں آئی، اب تک کی اطلاع کے مطابق مارچ کے شرکا مری روڈ جی ایچ کیو کے سامنے سے اسلام آباد میں داخل ہونگے ۔ ہارون الرشید نے بتایا کہ میں پوری ذمہ داری سے بتارہاہوں کہ جنہیں یہ پیغام دیناچاہتے ہیں، انہوں نے بھی واضح پیغام دے دیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ ملک پہلے ہی کافی مسائل کا شکارہے ، اس لئے مزید ٹکراؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا یہ داخلی تحریک نہیں، باہر سے بھی سپورٹ حاصل ہے ، فضل الرحمان حکومت کو نقصان تو پہنچائیں گے لیکن یہ آم خود نہیں کھائیں گے ، حالات کدھر جاتے ہیں، اس کا اللہ کوبہتر علم ہے ،ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، ہوسکتا ہے سب مارے جائیں اورنئے کردار آئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ادارو ں میں نقائص ہوسکتے ہیں لیکن ان کی تضحیک نہیں کی جاسکتی ، فردوس عاشق اعوا ن نے جو فقرہ کہا وہ نہایت غیر ذمہ دارانہ ہے ، ن لیگ تو اداروں پر حملے کرتی ہے ، انہوں نے تو صاف صاف توہین عدالت کی۔ ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ  تاجروں کے ساتھ معاہدہ ایک ماہ پہلے بھی ہوسکتا تھا ،جہانگیرترین کے آنے کے بعد یہ سب ہوا  ۔ تجزیہ کار اویس توحید نے کہا مولانا ایک بڑے عوامی اجتماع کے ساتھ اسلام آباد آرہے ہیں، اس کو ہلکا نہ لیاجائے ،پی پی اور شہبازشریف کی عدم شرکت سے انہیں بہت دھچکا پہنچا لیکن ن لیگ اس وقت تک میدان میں نہیں اترے گی جب تک فضل الرحمان اسلام آباد میں نہیں پہنچیں گے ۔ اویس توحید کا کہنا تھا کہ  میری کے پی کے کے ذرائع سے بات ہوئی ، ان کے مطابق خیبر پختونخوا سے چالیس ہزار کے قریب لوگ شامل ہونگے ، جے یو آئی کے کارکنوں کوہدایت ہے کہ وہ چار روز کا بندوبست کرکے آئیں ،اگراحتجاج میں زیادہ بندے آگئے تو پھر مولانا کوئی فیصلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت بیک فٹ پرنظرآرہی ، اخلاقی طورپر حکومت کہیں نہ کہیں کمزور ہے ۔