Sunday, May 5, 2024

آزادی مارچ، حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات آج ہو گی

آزادی مارچ، حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات آج ہو گی
October 24, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) آزادی مارچ کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات آج ہو گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پرویز خٹک نے اکرم درانی سے رابطہ کیا اور آزادی مارچ کی اجازت سے متعلق حکومتی فیصلے سے آگاہ کیا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا وفد پرویز خٹک کی قیادت میں شام 5 بجے رہبر کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کرے گا، حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے وفد کی مابین آزادی مارچ پر گفتگو ہوگی، حکومت مذاکراتی ٹیم اپوزیشن کو حکومتی فیصلہ سے آگاہ کرے گی۔ اپوزیشن کو نیو پریڈ گرائونڈ فیض آباد میں مارچ کرنے کی پیشکش کی جائے گی، حکومتی مذاکراتی ٹیم اپوزیشن کے مطالبات بھی حاصل کرے گی۔ حکومت سے مذاکرات سے قبل رہبر کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہی ہوگا جس میں رہبر کمیٹی کی حکومت سے مذاکرات کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ گزشتہ روز حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے اکرم درانی سے رابطہ کیا تھا گزشتہ روز ہی چوہدری پرویز الٰہی نے بھی مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، حکومتی رابطہ کے بعد اکرم خان درانی نے رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔ اب تک حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے 2 اجلاس ہوچکے ہیں، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا پرسوں ایوان صدر جبکہ گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا۔