Friday, April 19, 2024

آزادی اظہار کی آڑ میں اہم شخصیات کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی: وزیرداخلہ

آزادی اظہار کی آڑ میں اہم شخصیات کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی: وزیرداخلہ
March 8, 2017
  اسلام آباد(92نیوز)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو سوشل میڈیا پر ملک کی اعلیٰ عدالتی شخصیت کو متنازعہ بنانے کے معاملے پر ایف آئی اے نے رپورٹ پیش کر دی ۔وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ کسی کو بھی آزادی اظہار کی آڑ میں اہم شخصیات کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ۔ آئندہ تین روز میں سوشل میڈیا کی پالیسی کا اعلان کیا جائےگا۔ تفصیلات کےمطابق کسی غیر ملکی کمپنی کو آزادی ا ظہار رائے کی آڑ میں ملک کی اعلیٰ عدالتی شخصیت کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دینگےیہ کہناہے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا ۔ وزیرداخلہ کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے سوشل میڈیا سے متعلق رپورٹ پیش کر دی ۔ وزیر داخلہ نے فیس بک انتظامیہ کی جانب سے مطلوبہ معلومات کی فراہمی سے انکار پربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت نے امریکہ سے بھی رابطہ کیالیکن ایسالگتا ہے کہ سوشل میڈیا آزادی اظہار رائے کے تحت نہیں آزادی جھوٹ کے تحت کام کر رہا ہے۔ فیس بک انتظامیہ اور امریکی حکام کی جانب سے معاملے کی حساسیت کا ادراک نہ کیا جانا افسوسناک ہے۔ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اس حق کو جھوٹ بہتان اور کردار کشی کا وسیلہ بننے نہیں دیا جا سکتا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے ساتھ ملکر وزارت داخلہ اگلے تین روز میں سوشل میڈیا کے ذریعے کردار کشی کی روک تھام کے حوالے سے موثر حکمت عملی وضع کرے۔ سوشل میڈیا چلانے والی مختلف کمپنیوں کی انتظامیہ سے بات چیت کرکے فیس بک۔ ، ٹوئیٹر اور وٹس ایپ کے لوکل ورژن متعارف کرانے پر بھی غور کیا جائے۔