Monday, May 13, 2024

آزادکشمیر کے وزیراعظم اپنے لئے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں، بلاول بھٹو

آزادکشمیر کے وزیراعظم اپنے لئے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں، بلاول بھٹو
July 24, 2021

کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے آزادکشمیر میں پری الیکشن دھاندلی کا الزام عائد کردیا، کہتے ہیں ایک طرف آزادکشمیر کے وزیراعظم اپنے لئے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں۔

ہفتہ کے روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا، آزادکشمیر میں پری الیکشن دھاندلی کے لیے وفاقی حکومت بھی ہر اختیار استعمال کرنے میں مصروف ہے۔ وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر میں ووٹ خریدنے اور عوام کو ڈرانے بھیجا گیا۔ آزاد کشمیر جانے والے وفاقی وزیر کیخلاف ایکشن نہ لیا گیا تو پوری دنیا کیا کہے گی۔

اُنہوں نے کہا، مظفر آباد کی ن لیگی حکومت اور وفاقی حکومت نے کشمیر کے عوام کو لاوارث چھوڑا۔ تین سال میں آزاد کشمیر میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔ صرف پیپلز پارٹی کے دور میں ہی آزاد کشمیر میں تعلیم کے شعبہ پر سرمایہ کاری ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، فری اینڈ فیئر الیکشن ہوئے تو کشمیر میں پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔ مزید کہا، آزاد کشمیر کے الیکشن پاکستان کے انتخابات کیساتھ کرانے کیلئے قانون سازی کی جائے۔

بلاول بھٹو بولے کہ، پیپلزپارٹی سندھ میں جلد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے تاکہ عوامی مسائل نچلی سطح پر حل ہوسکیں۔

اُنہوں نے کہا، افغانستان کے حالات کے اثرات پاکستان کو بھگتنے پڑیں گے، افغان صورتحال کے حوالے سے بروقت اور بہتر فیصلے نہیں لئے جارہے۔ امریکا کا افغانستان سے بھاگنا قابل مذمت ہے۔