Monday, September 16, 2024

آزادکشمیر الیکشن : اکتالیس نشستوں پر 423 امیدوار آمنے سامنے‘ عوام پُرجوش

آزادکشمیر الیکشن : اکتالیس نشستوں پر 423 امیدوار آمنے سامنے‘ عوام پُرجوش
July 21, 2016
مظفرآباد (92نیوز) آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی اکتالیس نشستوں کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں نے چار سو تئیس امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں انتیس نشستوں پر جبکہ جموں اور وادی کشمیر میں مہاجر نشستوں کی 6‘ 6 نشستوں پر انتخابات جاری ہیں۔ ان نشستوں کے لیے پولنگ پاکستان کے مختلف شہروں میں ہو رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ امیدوار میدان میں اتارے تاہم ایل اے تین میرپور سے پی پی کے امیدوار کے دستبردار ہونے کے بعدیہ تعداد اب اڑتیس رہ گئی ہے۔ ن لیگ نے انتخابات کے لئے جموں وکشمیر پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی سے اتحاد کیا ہے۔ ن لیگ کے امیدواروں کی تعداد سینتیس ہے۔ تحریک انصاف آزادکشمیر کی جماعت مسلم کانفرنس کی اتحادی ہے۔   انتخابات میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے امیدواروں کی تعداد تینتیس ہے۔ دوسری طرف مسلم کانفرنس نے بھی اپنے سترہ امیدواروں کو انتخابات کے لیے میدان میں اتارا ہے۔ ان کے علاوہ جے یو آئی نے آٹھ‘ ایم کیوایم نے چھ اورتحریک انصاف نظریاتی نے چار نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ دوسری جانب آزادکشمیر کے انتخابات میں عوام نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔ کشمیری اپنے اپنے امیدواروں کو جتوانے کیلئے گھروں سے باہر نکل پڑے۔ ووٹ ڈالنے کے عمل میں عام عوام کے ساتھ بوڑھے اور معذور افراد بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے بھی پولنگ سٹیشنوں کا رخ کر کے انتخابات میں اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ لوگ دھاندلی کا شور مچاتے ہیں لیکن دھاندلی نہیں ہو گی۔ شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنانے کے تمام ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ کسی بھی بدنظمی متعلق شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔