Monday, May 13, 2024

آزاد کشمیر میں زلزلہ ، جاں بحق افراد کی تعداد 38 ہو گئی

آزاد کشمیر میں زلزلہ ، جاں بحق افراد کی تعداد 38 ہو گئی
September 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) 5.8 شدت کے زلزلے نے میر پور آزاد کشمیر میں تباہی مچادی،کئی عمارتیں گر گئیں،سڑکیں پھٹ گئیں، اپر جہلم کینال میں شگاف پڑگیا،مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا، اب تک 38 افراد کے جاں بحق اور 646 سےزائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو خوفناک زلزلے نے ہلاکر رکھ دیا ، میر پور آزاد کشمیر کے علاقے جاتلاں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی، سڑکیں پھٹ گئیں، زمین میں دراڑیں پڑگئیں، کئی گاڑیاں اپرجہلم کینال میں جاگریں، بسیں الٹ گئیں، مسجد کے مینار سمیت کئی عمارتیں اور دیواریں گر گئیں۔ میر پور میں بے نظیر اسپتال کا اولڈ بوائز ہاسٹل زمین بوس ہوگیا، جیل کی دیواروں کو نقصان پہنچا،کھمبے گر گئے ، مواصلات کا نظام متاثر ہوا، بجلی بند ہوگئی، سڑکیں تباہ ہونےسےآمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے، منگلا پاور ہاؤس کے تمام یونٹ بند کرنا پڑے، نہر اپر جہلم میں منڈہ کے مقام پر شگاف پڑ گیا، پانی کھڑی شریف میں داخل ہوگیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر زلزلے کے وقت لاہور میں تھے ، اطلاع ملنے پر فوری طور پر آزاد کشمیر پہنچے، 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے،سب سے پہلی ترجیح بے گھر ہونے والے افراد کو چھت فراہم کرنا ہے۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مشتاق منہاس نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نہر میں ایک جگہ شگاف پڑا جسے پر کر لیا گیا، بجلی کا نظام متاثر ہوا، کچھ علاقوں میں خود بھی بجلی بند کی گئی، سپلائی جلد بحال کردی جائے گی۔ ترجمان واپڈا کا کہنا ہے زلزلے سے منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس کو نقصان نہیں پہنچا، تفصیلی جائزے کیلئے ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے، جھیل کا پانی گدلا ہو گیا، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پاور ہاؤس کی ٹربائنیں بند کرنا پڑیں۔ آئی ایس پی آر  کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے انتظامیہ  کے ہمراہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، جاتلاں کے علاقے میں تین رابطہ پلوں کو نقصان پہنچا۔  آرمی انجینئرز پلوں اور جاتلاں میرپور شاہراہ کی مرمت  کررہے ہیں ۔ این ڈی ایم اےکے مطابق  بھمبرمیں پلوں کو نقصان پہنچا ، ضلع میرپور اور کوٹلی میں بجلی کی سپلائی تعطل کا شکار ہے، جاتلاں روڈ کو بھی نقصان پہنچا ۔ ادھر خیبرپختونخوا سے ریسکیو ٹیمیں میر پور پہنچ گئیں ، پمز اسپتال سےبھی ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل کاوفدروانہ ہوگیا۔ زلزلے کے باعث جہلم میں بھی ایک خاتون جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوگئے، لاہور ایئرپورٹ پر عملہ اور مسافر ٹرمینل سے باہر آگئے جس پر پروازیں منسوخ کرنا پڑیں،ٹرین ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریک متاثر ہونے کا خدشہ ہے اس لئے دینہ سے کھاریاں تک ٹرین کی رفتار کم رکھیں۔