Thursday, March 28, 2024

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری
July 25, 2021

مظفرآباد (92 نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ ختم ہونے میں صرف 2 گھنٹے باقی ہیں۔

پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹ کاسٹ کرنے آنے والوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ آزادکشمیر میں 33 حلقوں اور پاکستان میں مہاجرین جموں و کشمیر کی بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔

32 لاکھ بیس ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی، نون لیگ اور مسلم کانفرنس میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔

ووٹنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

نیلم ویلی حلقہ ایل اے 25 میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ دودنیال میں پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کا رش ہے۔ مرد اور خواتین کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولنگ کا عمل سستی روی کا شکارہے۔

ضلع باغ اور ضلع حویلی کی 4 نشستوں کیلئے 72امیدواروں میں انتخابی دنگل جاری ہے، حلقہ ایل اے 16 باغ 3 میں بڑی سیاسی پارٹیوں سمیت 20 امیدوار میدان میں ہیں۔ حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 87 ہزار 814  ہے۔

ضلع بھمبر کے حلقہ ایل اے سات کے پولنگ اسٹیشن 62 کے باہر خواتین کا رش ۔بزرگ خاتون وہیل چیئر پر ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئی، ایک گھنٹے سے بھی زائد وقت سے بزرگ خاتون وہیل چیئرپر ووٹ کاسٹ کرنے کے انتظار میں موجود ہے۔

ادھر مظفرآباد کے تمام حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے، ڈی آر او مظفرآباد منیر فاروقی کہتے ہیں کہ کچھ پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوا لیکن ان کی ضروریات کو پورا کردیا گیا۔

دوسری جانب ایل اے سات سے مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری طارق فاروق نے الیکشن انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔ کہتے ہیں دو دو بوتھ بنا کر گرمی میں لمبی قطاریں لگوائی جا رہی ہیں۔