Thursday, March 28, 2024

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کااجلاس ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد پیش

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کااجلاس ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد پیش
August 7, 2019
مظفر آباد ( 92 نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے  خصوصی اجلاس میں  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد پیش  کی گئی ۔ جس میں کہا گیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد طاقت سے دبائی نہیں جاسکتی ، پاکستان بھارتی غیرقانونی اقدام سفارتی، سیاسی اور عالمی محاذ پر اٹھائے ، بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ، عالمی برادری نوٹس لے ۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو جبری طور پر اپنا حصہ  بنانےکی سازش کے خلاف آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں قرار داد پیش کی جس میں  آرٹیکل 370کے خاتمے اور کلسٹربموں  کے استعمال کی شدید مذمت کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ، پاکستان بھارتی غیرقانونی اقدام سفارتی، سیاسی اور عالمی محاذ پر اٹھائے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ  کشمیریوں کی جدوجہد طاقت سے دبائی نہیں جاسکتی ، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لے۔ قرار داد میں مقبوضہ کشمیر میں جاری  انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، کرفیو کے نفاذ ، حریت قائدین اور آزادی پسند رہنماؤں کی گرفتاریوں کی شدید  مذمت کی گئی ۔ اپوزیشن لیڈر چودھری یٰسین  نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش کررہاہے،بھارت پر واضح کرتے ہیں بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کےلیے کٹ مرنے کو تیارہے۔ قانون ساز اسمبلی کے ارکان  نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شرکت کی،مقبوضہ وادی کے شہداکےلیے دعا بھی کی گئی۔