Friday, May 10, 2024

آزاد کشمیر، حلقہ ایل 16 شرقی باغ کے چار پولنگ اسٹیشنز پر 29 جولائی کو دوبارہ پولنگ کا اعلان

آزاد کشمیر، حلقہ ایل 16 شرقی باغ کے چار پولنگ اسٹیشنز پر 29 جولائی کو دوبارہ پولنگ کا اعلان
July 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) آزاد کشمیر کے حلقہ ایل 16 شرقی باغ کے چار پولنگ اسٹیشنز کے نتائج روکنے کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے چاروں پولنگ اسٹیشنز پر 29 جولائی کو دوبارہ پولنگ کا اعلان کردیا۔

25 جولائی کو آزاد کشمیر کے حلقہ ایل 16 شرقی باغ کے چار پولنگ اسٹیشنز کے نتائج روکنے پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کا شیڈول جاری کردیا، چار پولنگ اسٹیشن نمبر 42، 134، 135 اور 136 پر 29 جولائی کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق تین پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ بیگز اور دیگر سامان چھین کر جلایا گیا تھا۔ ایک پولنگ اسٹیشن پر پولنگ ایجنٹس نے انتخابی عمل بائیکاٹ کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے ایل اے 16 شرقی باغ کے چاروں پولنگ اسٹیشنز کے نتائج روک دیئے تھے۔ چاروں پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 2 ہزار 300 ووٹ رجسٹرڈ ہیں۔

ایل اے 16 شرقی باغ میں پی ٹی آئی کے سردار میر اکبر اور پیپلز پارٹی کے سردار قمرزمان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ تحریک انصاف کے سردار میراکبر کو پیپلز پارٹی کے سردار قمر زمان پر معمولی برتری ہے۔