Friday, April 19, 2024

آزاد کشمیر بجٹ اجلاس بغیر بجٹ پیش کیے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

آزاد کشمیر بجٹ اجلاس بغیر بجٹ پیش کیے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی
June 16, 2021

مظفر آباد (92 نیوز) آزاد کشمیر بجٹ اجلاس بغیر بجٹ پیش کیے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

ریاستی تاریخ میں پہلی بار آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش نہ ہو سکا۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اپنے موقف پر ڈٹ گئے۔ انہوں نے کہا جب تک وفاقی حکومت فنانس بل پر تحفظات دور نہیں کرتی بجٹ نہیں پیش ہو گا۔ ایوان میں بجٹ پیش نہ ہونے پر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔

قبل ازیں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ریاستی اسمبلی سے خطاب کے دوران وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ  وفاقی بجٹ نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے مشکلات کھڑی کر دیں۔ انٹرنیٹ موبائل فون پر وفاقی حکومت نے سیلولر اور آئی پی پیز کمپنیوں پر جو ٹیکس لگائے اس میں آزاد کشمیر کا بھی حصہ ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں کوئی بھی غیر آئینی حربہ استعمال کیا گیا تو سخت مزاحمت کریں گے۔ آزاد کشمیر میں  جان بوجھ کر ابہام پیدا کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک وفاقی حکومت فنانس بل پر تحفظات دور نہیں کرتی بجٹ نہیں پیش ہو گا۔

آزاد کشمیر کابینہ نے وفاق کی طرف سے آزاد کشمیر کے بجٹ سے دو ارب روپے کٹ لگا کر وزرات امور کشمیر کے ذریعے خرچ کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور وفاقی حکومت  پر کڑی تنقید کی۔

دوسری جانب مسلم کانفرنس کے رکن اسمبلی ملک نواز نے اسمبلی میں بجٹ پیش نہ کرنے کو قواعد کی خلاف ورزی  قرار دیا۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے سکٹریری جنرل ممبر قانون ساز اسمبلی  ماجد خان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی پانچ سالہ ناکامیوں کو چھپا رہی ہے۔