Tuesday, May 21, 2024

آزاد ملک کا حصول قائد اعظم محمد علی جناح کا مرہون منت

آزاد ملک کا حصول قائد اعظم محمد علی جناح کا مرہون منت
March 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ، آج ہم ايک آزاد ملک ميں سانس لے رہے ہيں جو قائداعظم محمد علي جناح کے بغير ممکن نہيں تھا۔

عظیم مدبر ، سياسي بصيرت ، باکمال قیادت اور شخصیت کے مالک  قائداعظم محمد علی جناح  برصغيرکے مسلمانوں کيلئے عظیم سرمايہ  ہیں۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے قوم کوعزم وحوصلہ دیا ، مضبوط ارادہ دیا  اورخود پامردی سے میدان عمل میں ڈٹ گئے ۔

قوم نے ان کے عزم و حوصلے پرثابت قدمی سے آزادی کے لئے جدوجہد شروع کی، کمیونل ایوارڈ ہو یا قرار داد پاکستان  ، کرپس مشن کی تجاویز ہوں یا ہندوستان چھوڑ دو کی تحریک، وزارتی مشن کی تجاویز ہوں یا 3جون 1947ء کا لارڈ مائونٹ بیٹن پلان ، شملہ کانفرنس ہو یا گول میز کانفرنس ،ہر جگہ قائد اعظم کی سیاسی بصیرت کامیاب رہي ۔

قائد اعظم نے مسلمانوں کے لیے علیحدہ ملک کے قیام کے لیے شروع کی گئی تحریکِ آزادی کو گلی گلی اورقریہ قریہ پہنچایا، کیا نوجوان کیا بچے اورکیا بوڑھے  سب ہی یکساں جوش و خروش سے تحریک سے ذہنی، نظریاتی اور روحانی طور پر ایسے جُڑے کہ انگریز قابضوں کو چلتا کيا ۔

محمد علی جناح اپنے تدبر، فہم وفراست، سیاسی دور اندیشی اور جہد مسلسل کے باعث مسلمانوں کو ہندو بنیئے کے شکنجے سے بچاتے ہوئے 14 اگست 1947 میں ایک ایسی ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جہاں مسلمانانِ ہند اپنی مذہبی عبادات اور رسومات کو آزادی کے ساتھ ادا کرسکتے ہیں اور جہاں مسلمانوں کی جان، مال اور عزت و آبرو محفوظ بھی ہو اس ارضِ پاک کو پاکستان کہا جاتا ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کا قوم پر احسان ہے۔