Saturday, April 20, 2024

آرٹس کونسل فیصل آباد میں پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھر گئے

آرٹس کونسل فیصل آباد میں پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھر گئے
July 7, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) آرٹس کونسل فیصل آباد میں پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھر گئے۔  پنجابی سندھی بلوچی اور پشتون کلچر ایک ہی چھت تلے اکٹھے ہوئے تو ایونٹ کو چار چاند لگ گئے۔ آرٹس کونسل فیصل آباد میں چاروں صوبوں کی ثقافت کا خوبصورت نظارہ دیکھنے میں آیا۔ سندھی ثقافتی رقص کے بعد لگا پنجاب کی شان روائتی بھنگڑے کا تڑکا، پختون خواہ اور بلوچی دھنوں نے بھی خوب سماں باندھا۔ ملک بھر سے آئے ہوئے فنکاروں نے اپنے فن سے بھرپور داد سمیٹی۔ صوبائی روایات کی عکاسی کے دلفریب نظارے نے دیکھنے والوں کو بھی خوب محظوظ کیا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا شروع ہوا تو کوئی اپنے قدم زمین پر نہ ٹکا سکا۔ فنکاروں کی خوبصورت پرفارمنس نے بیرون ممالک سے آئے مہمانوں کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ نہ صرف ثقافت بلکہ صوفی ازم اور قوالی نے بھی محفل میں جان ڈالنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ چاروں صوبوں کی ثقافت کو ایک ہی چھت تلے پیش کر کے اقدار کے فرق کو مٹانے کے ساتھ پرانی یادیں بھی تازہ کی جارہی ہیں۔