Thursday, March 28, 2024

آرمی کا ہیلی کاپٹر گلگت بلتستان میں گر کر تباہ ہو گیا، 2 افسروں سمیت 4 شہید

آرمی کا ہیلی کاپٹر گلگت بلتستان میں گر کر تباہ ہو گیا، 2 افسروں سمیت 4 شہید
December 27, 2020

راولپنڈی (92 نیوز) پاک فوج کے شہید جوان کا جسد خاکی سکردو منتقل کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ بری فوج کے دو افسران سمیت سے 4 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر قمری سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آ کر شہید ہونے والے سپاہی عبدالقدیر کا جسد خاکی سی ایم ایچ سکردو منتقل کر رہا تھا۔ راستے میں بستی منی مارگ کے قریب ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی پیدا ہوئی اور گر کر تباہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک حادثے میں پاک فوج کے دو افسران سمیت چار جوان شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی شناخت پائلٹ میجر محمد حسین، معاون پائلٹ میجر ایاز حسین، نائیک انضمام عالم اور سپاہی محمد فاروق کے نام سے ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیلی کاپٹر پائلٹ میجر محمد حسین شہید کا تعلق خپلو، سکردو اور معاون پائلٹ میجر محمد ایاز کا تعلق ملیر، کراچی سے تھا جبکہ دونوں شادی شدہ اور عمریں 33 برس تھیں۔ نائیک انضمام عالم شہید اور 25 سالہ سپاہی قدیر شادی شدہ اور دونوں کا تعلق چکوال سے تھا۔ عملے کے رکن 31 سالہ سپاہی محمد فاروق بھی شادی شدہ اور تعلق ساہیوال سے تھا۔