Monday, September 16, 2024

آرمی چیف کے کرپشن کیخلاف بیان پر قوم ان کیساتھ کھڑی ہے : عمران خان

آرمی چیف کے کرپشن کیخلاف بیان پر قوم ان کیساتھ کھڑی ہے : عمران خان
April 19, 2016
پشاور (92نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو کھانسی بھی ہو تو باہر علاج کرانے چلے جاتے ہیں۔ اگر شوکت خانم میں کرپشن ہوئی ہے تو حکمرانوں نے پیسے کے غلط استعمال پر ایکشن کیوں نہیں لیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کا نام انہیں بلیک میل کرنے کے لیے لیا جا رہا ہے۔ اگر شوکت خانم کا آڈٹ ہوا تو وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو شرمندگی ہو گی۔ عمران خان نے کہا کہ حکمران چاہتے ہیں کہ وہ چوری کرتے رہیں لیکن کوئی ان کی کرپشن پر ہاتھ نہ ڈالے۔ انہوں نے کہا مشرف کی ڈکٹیٹر شپ اور ان کی حکومت میں کوئی فرق نہیں۔ مشرف کی پرفارمنس ان سے زیادہ بہتر تھی۔ مشرف دور میں ماڈل ٹاون میں گولیاں نہیں چلائی گئی تھیں۔ کپتان نے مزید کہا وزیراعظم کو جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں‘ پاناما لیکس میں ان کے بچوں کے نام آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا جب نوازشریف نے آف شور کمپنیاں خریدیں تب وہ وزیراعظم تھے۔ انہیں بتانا ہو گا کہ ان کے پاس پیسے کہاں سے آئے۔ وزیراعظم علاج کی غرض سے باہر گئے مگر افسوس ہوا وہ کسی اور ہی مقصد سے گئے تھے۔ سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ آرمی چیف نے جو بیان دیا ہے پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔