Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی وزیراعظم اور صدر مملکت سے الوداعی ملاقاتیں

آرمی چیف کی وزیراعظم اور صدر مملکت سے الوداعی ملاقاتیں
November 28, 2016

اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف اور صدرِ مملکت ممنون حسین سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے الگ الگ الوداعی ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے ذریعے امن وامان بحال کرنے پر آپ کی خدمات گراں قدر ہیں۔ صدرممنون حسین نے بھی آرمی چیف کی خدمات کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف الوداعی ملاقات کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں کے درمیان ون آن ون ملاقات میں قومی سلامتی اور آپریشن ضرب عضب سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو اپنی تین سالہ مدت میں کیے جانے والے اقدامات خصوصا کراچی آپریشن اور آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن سے دہشت گردی کو کم کرنے میں مدد ملی۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے ذریعے امن وامان بحال کرنے پر جنرل راحیل کی خدمات گراں قدر ہیں۔ اس کے بعد جنرل راحیل شریف ایوان صدر پہنچے جہاں انہوں نے صدر مملکت ممنون حسین سے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت کی طرف سے ملک کے دفاع کیلئے آرمی چیف کی خدمات کی تعریف کی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں ہر مرحلے پر صدر مملکت کی رہنمائی اور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے صدر مملکت کی رہنمائی اور پرخلوص تعاون پر شکریہ ادا کیا۔