Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ، چین کا خیر مقدم

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ، چین کا خیر مقدم
August 21, 2019

 اسلام آباد ( 92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر چین نے خیرمقدم کیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے غیرمعمولی صلاحیتوں کے مالک لیڈر ہیں۔

ملکی سطح پر تو ان کشیدہ حالات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا خیر مقدم کیا جارہا ہے لیکن اب چین کی جانب سے  بھی اس حوالے سے باقاعدہ بیان جاری کر دیا گیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع خوش آئند ہے۔ اس فیصلے سے علاقائی امن واستحکام کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

 چین کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنرل باجوہ چین کی حکومت اور چینی فوج کے دیرینہ دوست ہیں اور پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں  انکا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

بیان میں پاکستانی آرمی چیف کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کی  تعریف  کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چینی قیادت کو یقین ہے کہ پاکستانی فوج ان کی زیر قیادت پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کو ناقابل تسخیر بنا دے گی۔