Saturday, April 27, 2024

آرمی چیف کی طرف سے یوم دفاع کی تقریب کے شرکا کا شکریہ ، ڈی جی آئی ایس پی آر

آرمی چیف کی طرف سے یوم دفاع کی تقریب کے شرکا کا شکریہ ، ڈی جی آئی ایس پی آر
September 7, 2018
راولپںڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے یوم دفاع کی تقریب کے شرکا کا شکریہ۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں  یوم  دفاع و یوم شہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ہم  دفاع وطن کیلئے متحد ہیں ، ہم نے 1965 اور 1971 کی جنگوں سے بہت کچھ سیکھا اور اپنے دفاع کو اس قدر مضبوط کیا کہ اللہ کے کرم سے آج ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہو چکا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم سب نے وطن کی حفاظت کیلئے اپنا پنا کردار ادا کیا، ہمارے جوان آگ میں کود پڑے مگر وطن پر آنچ نہ آنے دی  ۔   گزشتہ دو دہائیوں سے غیر روائتی جنگ کا دور شرو ع ہو چکا  ہے ،  پچھلی دہائی میں دہشتگردی کی جو لہر اٹھی اس نے جنگ کا نقشہ بدل دیا۔ہم ان قربانیوں کو یاد رکھنے کیلئے 2014 سے یوم دفاع کیساتھ یوم شہدا بھی مناتے ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں کبھی اپنے شہدا کو نہیں بھولتیں ، ہمارے شہدا نے اپنا آج  ہمارے  بہتر مستقبل کیلئے قربان کیا ،  میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کا خون رائیگاں نہیں  جائے گا،ہم پاکستان کو امن کا  گہوارہ بنا کر رہیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کو اس مقام تک پہنچانا ہے  جہاں دشمن ہمیں دوبارہ میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے ، ہمیں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے بھی کام کرنا ہے ۔اس جنگ کیساتھ ہماری  جنگ بھوک افلاس اور غربت کیخلاف بھی جاری رہنی چاہئے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی یکجہتی ، استحکام کیلئے جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے ، جمہوریت آئین و  قانون کی بالادستی اور اداروں کے احترام کے بغیر پنپ نہیں سکتی ۔آج اس تقریب میں  ملک کی تمام سیاسی قیادت ، تمام اداروں کے افراد موجود ہیں  ، آج قوم پہلے سے زیادہ متحد ہے  ، آج  کی یکجہتی پیغام ہے کہ  پاکستانی کسی بھی  چیز سے گھبرانے والے نہیں۔ اپنے خطاب کے اختتام پر  جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیری مسلمانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر کے بھائی اور بہنوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو بہادری کی لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔