Sunday, September 8, 2024

آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے سفاکانہ قتل کی مذمت

آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے سفاکانہ قتل کی مذمت
July 13, 2016
راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی ہے جس میں  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے سفاکانہ قتل کی مذمت کی گئی،  آرمی چیف کا کہنا ہے کہ  عالمی برادری کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرے۔ خطے میں دیرپا امن کے لئے دنیا کو کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا، افٖغانستان اور خطے کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ  کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عالمی برادری کی توجہ کی منتظر ہے، عالمی برادری کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا کہ  خطے میں دیر پا امن کا قیام صرف مسئلہ کشمیر کے حل ہی سے ممکن ہے۔ کانفرنس کےشرکا کو  آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،شرکا نے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے لئے  اٹھائے  گئے اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔  آرمی چیف نے عید کے موقع پر ملک بھر میں امن وامان برقرار رکھنے پر انٹیلی جنس   اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔