Saturday, April 20, 2024

آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس، کورونا سمیت قومی و علاقائی صورتحال پر غور

آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس، کورونا سمیت قومی و علاقائی صورتحال پر غور
April 7, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 231 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کورونا وائرس سمیت قومی و علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے کمانڈرز تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں کور کمانڈرز نے متعلقہ ہیڈکوارٹرز سے بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس میں شرکت کی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں کورونا وائرس سمیت مجموعی تازہ ترین تذویراتی قومی و علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ملک بھر میں فوجی دستوں کی تعیناتی، سول انتظامیہ کی معاونت کے امور بھی زیر غور آئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے قومی کاوشوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے کمانڈرز تمام ممکنہ وسائل بروئے کار اور دور دراز علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بطور قوم پرعزم نوجوانوں کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹیں گے۔ وباء پر قابو پانے کیلئے ہر شہری کی اپنی اہمیت ہے، انشاءاللہ مشکل گھڑی سے مزید مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔ علاوہ ازیں کانفرنس کے شرکاء نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔