Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ، کسی بھی مہم جوئی کا بھر پور جواب دینے کا عزم

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ، کسی بھی مہم جوئی کا بھر پور جواب دینے کا عزم
April 2, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کورکمانڈرز نے عزم کیا کہ مادر وطن کیخلاف کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 220 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے مشرقی سرحد سمیت خطے کی مجموعی سلامتی اور ملکی امن و استحکام کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 میجر جنرل آصف غفور کے مطابق شرکاء نے اِس عزم کا اظہار کیا کہ مادر وطن کیخلاف کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ملک میں دیرپا امن و استحکام کیلئے ہر ممکن کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔ خطے میں دیرپا سلامتی کیلئے تمام مثبت اقدام کی ہر ممکن حمایت کی جائے گی ۔ نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی عمل درآمد کیلئے حکومت اور تمام شراکت داروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لازوال کامیابیاں حاصل کیں۔ آج پاکستان مضبوط ریاست بننے کے مثبت رستے پر گامزن ہے۔ طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کو ہے۔ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی ترجیح ہے۔