Friday, April 26, 2024

آرمی چیف کی ترک صدر اور فوجی حکام سے ملاقاتیں‘ جنگی مشقوں کا معائنہ

آرمی چیف کی ترک صدر اور فوجی حکام سے ملاقاتیں‘ جنگی مشقوں کا معائنہ
May 31, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ترک صدر اور ترک چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقاتیں۔ جنرل راحیل شریف نے ترکی میں جاری کثیر الملکی فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکی میں ہیں۔ آرمی چیف نے ترکی کے شہر ازمیر کے نزدیک جاری کثیر الملکی فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہولو سی آکار نے جنرل راحیل شریف کا فوجی مشقوں پر استقبال کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ترکی میں جاری فوجی مشقوں میں امریکہ، برطانیہ ، بلجیم ، سعودی عرب، قطر ، آزربائیجان ، ترکی اور پاکستان کی مسلح افواج کے دستوں نے شرکت کی۔ ترک صدر اور وزیر دفاع نے فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان سے آرمی چیف راحیل شریف کی ملاقات بھی ہوئی۔ ترک صدر نے فوجی مشقوں میں پاکستانی دستے کی شرکت پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان اور ترکی کے گہرے رشتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ ترک صدر نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن واستحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ترک مسلح افواج کی بڑے پیمانے پر فوجی مشقوں کے انتظامات کی تعریف کی۔